صوفیاکرام کے انسان دوست پیغام کو بروئے کار لاکر اسے صحیح اسلامی فلاحی مملکت میں بدلا جا سکتا ہے،ڈاکٹر خالد اقبال

کراچی ( )اللہ کریم نے پاکستان کو ۲۷ رمضان کی مبارک ساعتوں میں آزادی عطا فرمائی تاکہ پاکستان عالم انسانیت کے لئے اسلامی تعلیمات اور روشن فکر کی مثال کے طور پر پیش ہو سکے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی رہنماڈاکٹر خالد اقبال نے کارکنان کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری سیاست جاگیردارو سرمایہ دار طبقے کے پنجوں میں قید ہے ہماری معیشت IMFاور ورلڈ بینک کے قرضوں اور ڈکٹیشن کی محتاج ہے ہماری ثقافت یورپی اور بھارتی یلغار کے سامنے بے بس ہے جبکہ ہماری قیادت مصلحت پسندی ، عیش پرستی اور بیڈ گورنس کی جیتی جاگتی تصویر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں شہداء نے اس وطن کی آزادی کے لئے اس لئے قربانیاں نہیں دی تھیں کہ ہماری عدالتیں انصاف کی منڈیاں بن جائیں ، ادارے اختیارات کی جنگ میں ملکی مفادات بھلا بیٹھیں ، ملک کے عوام بنیادی انسانی ضروریات کے لئے ترسیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا ۔ ظالمو ں کو عبرت ناک انجام تک پہنچانا ہوگا ۔ دیانت دار ، باکردار اور بے خوف قیادت کو آگے لانا ہوگاپاکستان سیاسی جدوجہد کے ذریعے عوام کے ووٹ سے وجود میں آیا ، اولیاء عظام کے فیضان سے یہ خطہ انگریزوں اور ہندؤں کے چنگل سے آزاد ہوا انہی صوفیاکرام کے انسان دوست پیغام کو بروئے کار لاکر اسے صحیح اسلامی فلاحی مملکت میں بدلا جا سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ۲۷ رمضان المبارک یوم عزم ہے کہ جب وطن سے محبت کرنے والے اپنے عزم کی تجدید کریں کہ وہ آزادی پاکستان کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔