قرآن کی انقلابی تعلیمات سے اسلامی فلاحی پاکستان بنا کر دم لیں گے،ڈاکٹر خالد اقبال سیکولر لا دین لابی کو مسترد کرکے آزادی کے حقیقی ثمرات کے حصول کے لئے یکجا ہیں،نعمان الجبار پاکستان فلاح پارٹی کراچی کے تحت رمضان تربیتی ورکشاپ سے شکیل الدین صدیقی،حاجی احمد مجاہد ، علامہ منیر شاکر و دیگر کا خطاب

کراچی ( ) پاکستان فلاح پارٹی کراچی کے رمضان تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ قیادت ، اخلاقی معیار اور دیانت دار انہ رویے رائج کرکے ہی حقیقی تبدیلی وقوع پذیر کرسکتی ہے نیکی کے غلبے اور بدی کے تدارک کیلئے ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں نیکی آسان اور برائی مشکل ہو ، انہوں نے کہا کہ قرآن اور پاکستان رمضان المبارک کے انعام ہیں اور پاکستان کے نظریاتی محافظ قرآن کی انقلابی تعلیمات سے اسلامی فلاحی پاکستان بنا کر دم لیں گے ا ب عوامی شعور کو بیدار کرکے حقیقی عوامی اور دیانتدار قیادت حکومتی ایوانوں تک پہنچ سکے گی ۔ انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر اور متحدہ طلبہ محاذ کے چیئرمین نعمان عبدالجبار نے کہا کہ گھر سے مکتب ، مکتب سے معاشرے اور معاشرے سے نظام حکومت تک انقلاب نظام مصطفی ﷺ کی کاوشیں وطن پاک کے روشن مستقبل کی نوید ہیں پاکستان کا نوجوان بیدار ہوچکا ہے اور سیکولر لا دین لابی کو مسترد کرکے آزادی کے حقیقی ثمرات کے حصول کے لئے یکجا ہیں ۔پاکستان فلاح پارٹی کراچی کے صد ر شکیل الدین صدیقی نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور نظریاتی تربیت کا حامل نوجوان ملک سیاست میں اپنا وجود منوانے کے لئے صف آراء ہوچکا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے محبت کرنے والی عوام سیاست کو کاروبار بنانے والوں کو مسترد کرکے مخلص لیڈر شب آگے لائیں گے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الحدیث مفتی خالد محمود نے کہا قرآن سرچشمہ ہدایت ہے قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے والے وقت کے امام بن کر ابھرے اور پوری دنیا پر انمٹ نقوش چھوڑے آج بھی اگر امت مسلمہ قرآن کے تدبر سے استفادہ کرے تو وہ اپنا کھویا ہوا مقام پھر حاصل کرسکتی ہے ۔معرو ف ابلاغی شخصیت حاجی احمد مجاہد نے کہا کہ پاکستان کی روحانی نسبتیں محض اتفاق نہیں بلکہ ہزار سال کی صوفیاء کرام کی ریاضت کا مرہون منت یہ پاکستان ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیدا کی گئی بد امنی ، شورش اور عالمی سازشیں اس تھیوری کو تقویت دیتی ہے کہ پاکستان امت مسلمہ کا مضبوط قلعہ اورامیدوں کا مرکز ہے جوکہ عالم اسلام دکھوں کا مداوا اور زیادتیوں کا حساب لے سکتاہے ۔علامہ منیر احمد شاکر نے کہا کہ روزہ تذکیہ نفس کے حصول کا ذریعہ ہے تاکہ مسلمان اپنی روحانی و اخلاقی بالیدگی پاکر اچھے انسان اور مسلمان کا کردار ادا کرے اور معاشرے میں اس کے مثبت اثرات برپا ہوں ۔ ورکشاپ میں کراچی کے اضلاع و علاقہ جاتی ذمہ داران نے شرکت کی۔