پاکستا ن کے حالات سدھارنے کے لئے بے لوث ،دیانتداراور با کردارقیادت کی ضرورت ہے،ڈاکٹر خالد اقبال ہم عام آدمی کو انتخابات میں اپنا ٹکٹ دے کر اسے اسمبلیوں تک رسائی کا موقع فراہم کرتے رہیں گے،شکیل الدین صدیقی پاکستان فلاح پارٹی ضلع جنوبی کے زیراہتمام ہجرت کالونی یونین کونسل ہال میں عوامی دعوت افطار سے مقررین کا خطاب

کراچی ( ) پاکستان فلاح پارٹی ضلع جنوبی کی عوامی افطار پارٹی یونین کونسل آفس ہجرت کالونی میں منعقد کی گئی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ عبادت کو اس کی اصل روح کے مطابق ادا کرنے سے اس کے مثبت اثرات معاشرے پر مرتب ہوں گے روزہ صبر ، برداشت ، انسان پروری اور اپنی ذات کی اصلاح کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کے حالات سدھارنے کے لئے بے لوث ،دیانتداراور با کردارقیادت کی ضرورت ہے جب تک سرمایہ دار ، جاگیر دار ، وڈیرے فیصلہ سازی پر قابض رہیں گے تب تک عوام یو نہی بنیادی حقوق سے محروم رہیں گے ۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ انتخابات میں جس طرح بے دریغ سرمایہ لٹایا جاتا ہے اس سے نہ صرف الیکشن کمیشن کے قوانین مذاق بن گئے ہیں بلکہ عام آدمی کے لئے اسمبلیوں تک پہنچنا نا ممکن ہو گیا ہے پاکستان فلاح پارٹی کراچی کے صدر شکیل الدین صدیقی نے کہاکہ ہم عام آدمی کو انتخابات میں اپنا ٹکٹ دے کر اسے اسمبلیوں تک رسائی کا موقع فراہم کرتے رہیں گے ہمارے ۱۰۰ فیصد امیدوار نوجوان ، اعلیٰ تعلیم یافتہ ، وطن پر جانثار ہونے والے اور اسلام کا پر چم بلند کرنے والے ہوں گے ۔پارٹی کے ضلعی صدر علامہ منیر احمد شاکر نے کہا کہ ظلم کے ضابطے مسترد کرکے سامراجی نظام کے خاتمے کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کا وقت ہے ۔پاکستان فلاح پارٹی ملک بھر کے نوجوانوں ،خواتین ، مزدوروں ، مظلوموں کی آواز بن کر ابھر رہی ہے ضلع جنرل سیکریٹری عابد علی نقشبندی نے کہا کہ امت مسلمہ آج جس کرب سے گزر رہی ہے وہ ہماری ملی بے حسی اور اجتماعی غفلت کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کیلئے ہماری جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی ۔ تقریب میں پارٹی رہنماؤں محمد علی شیخ ، سید شاہد علی قادری ، عبدالمجید سلطانی، سعید حیات ، سعید احمد سعیدی، فرحان احمد قادری،محمد دانش، محمد علی، تحریک لبیک کے پی ایس آرگنائزر محمد راشد سمیت پارٹی کے کارکنان و عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔